ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / جو بائیڈن نے کاملا ہیرس کو نائب صدر کا اْمیدوار نامزد کر دیا

جو بائیڈن نے کاملا ہیرس کو نائب صدر کا اْمیدوار نامزد کر دیا

Wed, 12 Aug 2020 17:29:13    S.O. News Service

واشنگٹن،12/ اگست(آئی این ایس انڈیا)امریکہ میں اس سال نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن نے سینیٹر کاملا ہیرس کو نائب صدر کا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ امریکی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہو گا جب ایک سیاہ فام خاتون امریکہ کی نائب صدارت کی اُمیدوار ہوں گی۔ماہرین کے مطابق کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والی سینیٹر کاملا ہیرس کا انتخاب کر کے جو بائیڈن نے سیاہ فام ووٹرز کی اہمیت کا اعتراف کیا ہے جو اْن کے نزدیک صدر ٹرمپ کو شکست دینے کے لیے اہم ہو سکتے ہیں۔کاملا ہیرس اس سے قبل ڈیمو کریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر صدارتی انتخاب لڑنے کی بھی خواہش مند تھیں، لیکن ڈیمو کریٹک پرائمری میں جو بائیڈن ان سے سبقت لے گئے تھے۔تجزیہ کاروں کے مطابق صدارتی اْمیدوار کی دوڑ سے باہر ہونے کے باوجود 55 سالہ کاملا ہیرس نے پارٹی میں اپنی اہمیت منوائی تھی اور وہ نائب صدارت کی اْمیدوار بننے کی دوڑ میں سرِ فہرست سمجھی جاتی تھیں۔کاملا ہیرس صدارتی مہم میں جو بائیڈن کے ساتھ ایسے وقت میں شامل ہو رہی ہیں جب امریکہ کو کرونا وبا کی وجہ سے غیر معمولی قومی بحران کا سامنا ہے۔کرونا وبا کے باعث امریکہ میں اب تک ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ کاروبار کی بندش کی وجہ سے ملک کو معاشی مسائل کا بھی سامنا ہے۔مئی میں سیاہ فام امریکی شہری جارج فلائیڈ کی پولیس تحویل میں ہلاکت کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاج نے بھی امریکی سیاست میں گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔جو بائیڈن سابق صدر براک اوباما کے ساتھ خود بھی آٹھ سال تک نائب صدر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے مارچ میں یہ اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے ساتھ نائب صدر کے طور پر کسی خاتون کا انتخاب کریں گے۔کاملا ہیرس کی نامزدگی پر ردعمل دیتے ہوئے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ حیران ہیں کہ جو بائیڈن نے کاملا ہیرس کا انتخاب کیا۔منگل کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں صدر نے ڈیمو کریٹک مباحثے کے دوران بائیڈن اور کاملا ہیرس کے درمیان تنازع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے تھے کہ شاید بائیڈن اب کاملا ہیرس سے دور رہیں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ سال جون میں ڈیمو کریٹک مباحثے کے دوران کاملا ہیرس نے جو بائیڈن پر نسلی تعصب کے الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ 1970 کی دہائی میں بطور نوجوان سینیٹر انہوں نے سفید اور سیاہ فام بچوں کا انضمام روکنے کے لیے الگ اسکول اور بسیں مختص کرنے کی حمایت کی تھی۔امریکہ کے سابق صدر براک اوباما نے کاملا ہیرس کے انتخاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاملا ہیرس نے اپنی زندگی اس ملک کے دفاع کے لیے گزاری ہے۔ بلاشبہ یہ ایک اچھی پیش رفت ہے۔

 


Share: